Friday 20 June 2014

پاکستان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والا سب سے بڑا ملک

دو ہزار تیرہ میں پاکستان دنیا بھر میں پناہ گزینوں کا سب سے بڑا میزبان رہا جن میں سے تقریباً تمام افراد افغانستان سے تعلق رکھتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارے برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کے زیر اہتمام اسلام آباد میں جمعے کو پناہ گزینوں کے دن کے حوالے سے ایک تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو این ایچ سی آر کی سینئر اہلکار مایہ امیراتنگا نے اس حوالے سے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تین دہائیوں سے دنیا کے سب سے زیادہ پناہ گزینوں کی میزبانی کررہا ہے اور بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی مزید مدد کرنی چاہیئے۔
اس موقع پر یو این ایچ سی آر کی اس حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق عالمی جنگ دوئم کے بعد پہلی بار دنیا بھر میں پناہ گزینوں، اندرون ملک نقل مکانی کرنے والوں اور سیاسی پناہ حاصل کرنے والوں کی تعداد پانچ کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پناہ گزینوں کی تعداد 16 لاکھ ہے جن میں سے تقریبا تمام افغان باشندے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایران کی صورت حال بھی پاکستان ہی کی طرح ہے جہاں 8 لاکھ پچاس ہزار سے زائد پناہ گزین ہیں جن میں سے زیادہ تر افغانستان سے تعلق رکھتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان سے سب 38 لاکھ افغان یو این ایچ سی آر کے تعاون سے اپنے وطن واپس پہنچے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پانچ کروڑ سے زائد افراد کو اپنا گھر مجبوراً چھوڑنا پڑا جو کہ گزشتہ سال سے 60 لاکھ زیادہ ہے۔ اس اضافے کی وجہ شام میں جاری جنگ ہے جس کے باعث 25 لاکھ افراد پناہ گزین بنے جبکہ 65 لاکھ اندورن ملک دیگر مقامات پر منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے۔
دنیا بھر میں 3.3 کروڑ افراد اندرون ملک دیگر مقامات پر منتقل ہونے پر مجبور ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ 2013 میں دنیا کے 86 ممالک میں 25 لاکھ سے زائد افغان دیگر ممالک منتقل ہوئے۔ اس فہرست میں افغانستان گزشتہ 33 سال سے اول نمبر پر آرہا ہے۔
اوسطاً آج دنیا بھر میں ہر پانچ پناہ گزینوں میں سے ایک کا تعلق افغانستان سے ہے جو پاکستان یا ایران میں مقیم ہیں۔
رپورٹ میں پاکستانی حکومت کے پناہ گزینوں کے حوالے سے اقدامات کو بھی سراہا گیا۔

No comments:

Post a Comment